کاٹھمنڈو13اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) نیپال میں مان سون کی شدید بارشوں کی وجہ سے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے میں قریب 30 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔کھٹمنڈو پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے سنساری میں سات، جھاپا اور سدھلی میں چار چار اور سرلہی، مورنگ اور بانکے میں تین تین اور دنگ اور باڑہ میں دو دو لوگوں کی جانیں گئی ہیں۔ مکوانپور اور پلپا میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے ایک ایک موت ہوئی ہے۔تاہم وزارت داخلہ نے مرنے والوں کی تعداد 17 بتائی ہے۔ضلع قدرتی آفت ریلیف کمیٹی نے اپنی ہنگامی اجلاس میں سیلاب سے تقریبا 50000 لوگوں کے بری طرح متاثر ہونے کا اندازہ ظاہر کیا ہے۔ اس سے خوراک اشیاء اور دوسرے سامانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔سیلاب میں سکرپورا، بنرجھولا، برسن، تللی اور کساہا میں ہفتہ صبح سے قریب 2000 خاندان پھنسے ہوئے ہیں۔